حکومت نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے، رانا مشہود احمد خان

1

لاہور۔21فروری  (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے ،ہم نوجوانوں کو کہہ رہے ہیں کہ لیپ ٹاپ لو اور اپنی زندگی بنائو،انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ نوجوانوں کو انٹرسٹ فری چار سال کی قسطوں پر دیئے جائیں گے۔ وہ جمعہ کے روز لاہور میں ایوان اقبال میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ حکومت پہلی مرتبہ کامن ویلتھ یوتھ الائنس کا سیکرٹریٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور وزیراعظم یوتھ پروگرام اب56 ممالک تک پھیل چکا ہے۔انہوں  نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے لیے چھ سے ساڑھے چھ لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمتیں دلوانے میں کامیاب ہوئی ہے، یونیورسٹیوں کے لیے بحال شدہ گرانٹس اور تعلیمی مواقع فراہم کر رہے ہیں جبکہ  سابق حکومت نے یونیورسٹیوں کی گرانٹس اور اسکالرشپس بند کر دی تھیں، جس سے تعلیمی اداروں کو مشکلات کا سامنا تھا۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے یہ تمام اسکالرشپس بحال کر دی ہیں اور تعلیمی بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا جا رہا ہے، اگلے مالی سال کے بجٹ میں واضح تعلیمی بجٹ نظر آئے گا، یونیورسٹیوں کا آڈٹ شروع کر دیا گیا اور ماضی میں ہونے والی بھرتیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، گورننس کے ماڈل میں تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں تاکہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر کیا جا سکے۔

رانا مشہود احمد خان نے اعلان کیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے جلد ہی دنیا کے بہترین ڈیجیٹل حب کا افتتاح کیا جائے گا، اس کے علاوہ ماسٹر کلاسز کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان اپنی مہارتوں میں بہتری لا سکیں اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے انڈیکیٹرز کے مطابق پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن اور دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے آرہے ہیں۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ہم اس پاکستان کو اقبال کا پاکستان بنا رہے ہیں، نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ان کے محفوظ مستقبل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، جو طلبہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، انہیں ایوارڈز سے بھی نوازا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو پہلی مرتبہ یوتھ منسٹر ٹاسک فورس کی چیئرمین شپ مل چکی جو کہ ایک اہم اعزاز ہے۔ مزید برآں جلد ہی دو روزہ یوتھ میلہ منعقد کیا جائے گا جہاں نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت کا کام نوجوانوں کو مثبت سمت دینا ہے، پاکستان کے نوجوانوں کے ذہنوں میں اب یہ بات بیٹھ چکی ہے کہ انہیں اپنا مستقبل خود بنانا ہے۔