موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سخت فیصلے آئندہ نسلوں کی بقاء کے ضامن ہیں؛رومینہ خورشیدعالم

0

اسلام آباد،26 فروری (اے پی پی):وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشیدعالم نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے ہمارے اقدامات دوسرے ملکوں کیلئے قابل تقلیدہیں، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سخت فیصلے آئندہ نسلوں کی بقاء کے ضامن ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سیمینار “گرین انڈسٹرلائیزیشن” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رومینہ خورشیدعالم نے کہا کہ ملک میں پائیدار صنعت چلانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے،موسمیاتی تبدیلی اس وقت بڑا چیلنج ہے اور پاکستان ماحول دوست اقدامات پرعمل پیراہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم موسمیاتی تبدیلی کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے۔

رومینہ خورشیدعالم نے کہا کہ پلاسٹک سیکٹر کا  جی ڈی پی میں 15 فیصد حصہ ہے جس کی وجہ سے ہمارا ماحول متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ہم پلاسٹک  استعمال کر رہے ہیں جو ماحول کو زہر الودہ کرتے ہیں، ملک میں گیارہ ہزار سے زائد پلاسٹک کے یونٹ ہیں، جس سے دس لاکھ افراد وابسطہ ہیں۔

رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کامقابلہ کرنے کیلئے علاقائی بنیادوں پر کام کرناہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پائیدار صنعت چلانے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔