وفاقی وزیر صنعت و پیداوار، رانا تنویر حسین کی جاپانی کمپنیوں کے نمائندوں سے اہم ملاقات

0

  اسلام آباد،26فروری(اے پی پی)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار، رانا تنویر حسین نے جاپانی کمپنیوں کے نمائندوں سے اہم ملاقات کی، جس میں آٹو موبائل سیکٹر کو درپیش چیلنجز، برآمدات میں حائل رکاوٹوں اور ٹیکس ریفنڈ کی تاخیر جیسے مسائل پر گفتگو کی گئی۔

جاپانی کمپنیوں کے نمائندوں نے برآمدات میں مشکلات اور ٹیکس ریفنڈ میں تاخیر پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور سرمایہ کاری کا ماحول متاثر ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ان خدشات کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت آٹو موبائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیوں کے حقیقی مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں گے تاکہ وہ پاکستان میں اپنی سرگرمیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھ سکیں۔

رانا تنویر حسین نے مقامی صنعتوں کی عالمی مسابقتی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معیار کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتوں کو مزید متحرک ہونا ہوگا، اور اس حوالے سے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اب صنعتوں کو دی جانے والی مراعات برآمدی حجم سے مشروط ہوں گی، تاکہ ملکی معیشت کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔ مزید برآں، مقامی صنعتوں کو نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش میں سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت خصوصی اقدامات کرے گی۔