پاکستان14ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2026 کی میزبانی کریگا

1

اسلام آباد،28فروری(اے پی پی): بین الصوبائی رابطہ کے وزیر رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال  کی زیر صدارت 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس  منعقد ہوا ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے اعلان کیا کہ 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز 23 سے 31 جنوری 2026 تک پاکستان میں منعقد ہوں گی، جو ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 27 کھیل شامل ہوں گے، جو لاہور، فیصل آباد، نارووال اور اسلام آباد میں منعقد کیے جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بین الاقوامی معیار کے مطابق کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ اس موقع پر اجلاس میں کھیلوں کے انعقاد کے دوران درپیش ممکنہ چیلنجز اور مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ ہر ممکنہ رکاوٹ کا پیشگی حل نکالا جا سکے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ساؤتھ ایشین گیمز جیسے بین الاقوامی مقابلے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم سمٹ، چیمپئنز ٹرافی اور ساؤتھ ایشین گیمز اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔