ملتان، 07 مارچ: حکومتِ پنجاب کی جانب سے سبسڈی کے ساتھ سولر پینل کی فراہمی کے بعد ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے کسانوں نے اپنی فصلوں کی آبپاشی کے لیے شمسی توانائی کا استعمال شروع کر دیا ہے،ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا یہ طریقہ نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ ڈیزل کے مہنگے اخراجات سے نجات کا ایک مؤثر حل بھی ثابت ہو رہا ہے۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ انہیں پانی کے حصول کے لیے ڈیزل پر انحصار کرنا پڑتا تھا، جو کہ مہنگا اور مشکل تھا۔ تاہم، اب سولر پینلز کی مدد سے وہ سورج کی روشنی سے مسلسل اور بلا تعطل پانی حاصل کر رہے ہیں،جس سے نہ صرف ان کے اخراجات میں کمی آئی ہے بلکہ فصلوں کی پیداوار بھی بہتر ہو رہی ہے۔
زراعتی ماہرین کا کہنا ہے کہ شمسی توانائی سے چلنے والا یہ نظام کسانوں کے لیے ایک “گیم چینجر” ثابت ہو رہا ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف پانی کا مسئلہ حل ہو رہا ہے بلکہ زرعی اخراجات میں بھی نمایاں کمی آ رہی ہے۔
جدید ٹیکنالوجی اور قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال کی بدولت کسان نہ صرف اپنی زراعت کو ترقی دے رہے ہیں بلکہ ملک کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔