عوام کی  فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے،وزیراعظم محمد شہبا زشریف

4

‎اسلام آباد، 10 مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی  فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔  رمضان پیکج  2025 کی مانیٹرنگ  کے نظام  کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ  ڈیجیٹل والٹ کے ذریعےمستحق خاندانوں میں شفافیت  کے ساتھ رقم کی تقسیم  کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

‎ وزیراعظم نے  پیر کو رمضان پیکج 2025 کے مانیٹرنگ  کے نظام کا جائزہ   لینے کے لئے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہیڈ کوارٹرز  کا دورہ کیا۔   رمضان ریلیف پیکج  کے تحت مستحق خاندانوں  میں رقوم  کی تقسیم کے لئےپہلی بارمنفرد نوعیت کےڈیجیٹل والٹ  پروگرام کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور اس اقدام  سے  شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے  جبکہ  اس پروگرام کے ذریعے چاروں صوبوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 40 لاکھ خاندانوں  میں فی خاندان 5 ہزار روپے کے حساب سے 20 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے۔

‎بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 14 ارب روپے  کی رقم  مستحق عوام کو منتقل کی جا چکی ہے  اور ایک ایک مستحق کا مکمل ڈیٹا موجود ہے،البتہ رقم وصول کرنے والے مستحقین کی تعداد ابھی کم ہے۔  وزیراعظم نے کہا کہ  پہلی بار20 ارب روپے کا رمضان پیکج بذریعہ ڈیجیٹل والٹ حقداروں کو دیا جارہا ہے،40 لاکھ مستحق خاندانوں میں شفافیت  کے ساتھ رقم کی تقسیم  کو یقینی بنایا جارہا  ہے۔ وزیراعظم نے  کہا کہ  ڈیجیٹل والٹ کا پروگرام  ایک نیا کانسیپٹ  ہے۔

اس کے ذریعے مستحقین کو گھر بیٹھے  امداد ملے گی۔ نہ انہیں لائنوں میں لگنا پڑےگا اور نہ ہی  اشیا ضروریہ کے معیار کے حوالے سے شکایات پیدا ہوں گے۔ ہر خاندان اپنی مرضی کے مطابق اس رقم کو استعمال کرسکے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مستحقین کو منتقل کی گئی رقم کے نکلوانے  کی شرح  بہت کم ہے، اس حوالے سے عوام میں آگاہی فراہم کی جائے۔  گورنر سٹیٹ بینک اور متعلقہ حکام مل کر  ڈیجیٹل والٹ  کے طریقہ کار کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں ۔  وزیراعظم  نے 9999 پر کال کر کے پروگرام کے بارےمیں معلومات حاصل کیں۔