سہار، عمان – 11 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے عمان کے صنعتی مرکز سہار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سہار پورٹ اور فری زون میں سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور عمان کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔
وفاقی وزیر نے سہار پورٹ حکام سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے ذریعے سہار پورٹ اور فری زون کی وسطی ایشیا اور چین تک رسائی بڑھانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر انہیں سہار پورٹ کی جدید سہولیات اور صنعتی زون کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
جام کمال خان نے شمالی الباطنہ کے گورنر محمد بن سلیمان الکندی سے بھی ملاقات کی، جہاں دونوں فریقین نے پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر تجارت نے سہار چیمبر آف کامرس کے صنعتکاروں اور کاروباری افراد سے ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر تجارت نے سہار میں مختلف کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کی اور پاکستان و عمان کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات پر گفتگو کی۔ اس موقع پر جام کمال خان نے سلطان قابوس مسجد میں حاضری بھی دی اور پاکستان و عمان کے تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا۔