قومی اسمبلی اجلاس، ارکان کا نواب یوسف تالپور کو خراج عقیدت

17

 اسلام آباد، 11مارچ(اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منگل کو پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا جس میں اراکین قومی اسمبلی نے سینئر سیاستدان اور جمہوریت کے علمبردار نواب محمد یوسف تالپور کو ان کی شاندار خدمات پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

 اجلاس کے 46نکاتی ایجنڈے پر کارروائی معطل کرکے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نواب محمد یوسف تالپور کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک باوقار، بردبار اور اعلیٰ پائے کا پارلیمنٹرین قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ، نواب محمد یوسف تالپور نہ صرف میرے قریبی دوست بلکہ میرے بھائی جیسے تھے۔ ہمارا پارلیمنٹ میں 23 سال کا ساتھ رہا۔ وہ نہایت نرم مزاج، دردمند انسان اور آبی امو رکے ماہر تھے۔ ہمیشہ قومی مفاد میں بات کرتے اور انتہائی سنجیدگی سے مسائل کا حل تجویز کرتے تھے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نواب یوسف تالپور نہ صرف پارٹی کے سینئر رہنما تھے بلکہ ان کے خاندان سے تین نسلوں پر محیط قریبی تعلق تھا۔ انہوں نے کہانواب یوسف تالپور نے ہمیشہ اصولی سیاست کی، ان کا طرز سیاست جاگیردارانہ نہیں بلکہ عوامی  تھا ۔

 انہوں نے  کہا کہ چاہے جنرل ضیاء الحق کا دور ہو یا پرویز مشرف کی آمریت، نواب یوسف تالپور جیسے رہنما ہمیشہ استقامت کے ساتھ کھڑے رہے۔

 وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی نواب یوسف تالپور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرا ان کے ساتھ دیرینہ تعلق تھا، وہ انتہائی باوقار اور پارٹی کے ساتھ مخلص شخصیت تھے۔ وہ ان چند لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ وفاداری نبھائی، چاہے حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں، وہ کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔

وفاقی وزیر  نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین  نے بھی نواب یوسف تالپور کو  بہترین پارلیمنٹیرین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ قومی اسمبلی میں بھرپور طریقے سے شریک ہوتے، یہاں تک کہ بیماری کے باوجود بھی انہوں نے اپنے فرائض نبھائے۔

مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی  نے کہا کہ نواب یوسف تالپور کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وہ ایک اصولی اور نظریاتی سیاستدان تھے جنہوں نے پارلیمنٹ کو اپنی فراست اور دیانتداری سے مالا مال کیا۔