مظفرگڑھ۔ڈسٹرکٹ جیل میں نو عمر قیدیوں کے لئے کمپیوٹر لیب کا قیام

1

مظفرگڑھ،11مارچ(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن کا احسن اقدام، نجی ٹیکسٹائل ملز کی معاونت سے ڈسٹرکٹ جیل میں نو عمر قیدیوں کے لئے کمپیوٹر لیب قائم کر دی گئی۔

 ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن ، ڈی پی او ڈاکٹر رضوان احمد اور نجی  ٹیکسٹائل ملز کے نمائندہ (ر) کرنل مقبول نے ڈسٹرکٹ جیل مظفرگڑھ میں کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا۔اس سلسلے میں سہہ فریقی ایم او یو پر بھی دستخط کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن کی کاوشوں سے یہ کمپیوٹر لیب قائم کی گئی ہے، جس کےلئےنجی  ٹیکسٹائل ملز کی طرف سے 11 کمپیوٹر بمعہ متعلقہ فرنیچر فراہم کئے گئے ہیں۔ جہاں نوعمر قیدیوں کو دور جدید کے مطابق 3 ماہ کا آئی ٹی اسسٹنٹ کورس سی بی ٹی اے کرایا جائے گا۔ کمپیوٹر کورس کی تربیت کے لئے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر انسٹریکٹر کی خدمات حاصل کی گئ ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا کہ دور جدید میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بڑی اہمیت رکھتا ہے، آئی ٹی کی تعلیم وقت کی ضرورت ہے جس کےلئے ضروری ہے کہ ہر فرد کو آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے چاہیے، انہوں نے کہا کہ جیل ایک  تربیت گاہ ہے، اس میں جہاں دوسرے ہنر سیکھائے جاتے ہیں وہاں اب نو عمر قیدیوں کو کمپیوٹر کی جدید تعلیم بھی فراہم کی جائے گی تاکہ جب یہ یہاں سے رہا ہوں تو معاشرے میں ایک باعزت روزگار حاصل کرسکیں اور جرائم سے باز رہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ  سپرنٹنڈنٹ جیل نازک شہزاد بھی موجود   تھے۔