وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت وزیر اعظم کی خام چینی کی درآمد کے حوالے سے تشکیل کردہ کمیٹی کا اجلاس

14

اسلام آباد، 12 مارچ(اے پی پی): وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر خام چینی کی درآمد کے حوالے سے تشکیل دی گئی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیرِ صنعت ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں خام چینی کی درآمد کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا مقصد ملک میں سفید چینی کی قیمت کو مستحکم رکھنا ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ عالمی منڈی میں چینی کی قیمتوں اور دیگر ممالک کے ماڈلز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔

اجلاس میں خام چینی کی درآمد کے فوائد اور ممکنہ خدشات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا تاکہ قیمتوں کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے چینی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

رانا تنویر حسین نے ہدایت دی کہ خام چینی کی درآمد کے ممکنہ اثرات اور اس کے طریقہ کار پر جامع مطالعہ کیا جائے تاکہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کر سکے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم اس سلسلے میں ہر ممکن اقدام اٹھانے کے لیے پُرعزم ہے۔