وزیراعلیٰ بلوچستا ن میر سرفراز بگٹی کا بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب

1

کوئٹہ۔12مارچ (اے پی پی )وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازاحمد بگٹی نے کہاہے کہ دہشتگرد بندوق کے زور پر اپنانظریہ مسلط کرنے کی کوشش کررہے ہیں ،چھٹی پر جانے والا فوجی نہتا تصور کیاجاتاہے ،بلوچ قوم کی تاریخ میں نہتے مسافروں کے قتل وغارت گیری لکھی جائیگی ،جو لوگ بندوق کی زور پر ریاست کو توڑنے کی کوشش کرینگے تو ریاست کی ہر صورت مکمل قلع قمع کرکے رہے گی ،اس جنگ میں میرے 380لوگ شہید ہوئے ،500لوگوں کو قتل کرنے والوں سے معافی مانگنے کاکہاجاتاہے کیا بی ایل اے کوئی سکول چلا رہاہے کہ میں ان کے ساتھ سکول چلاﺅں ،ہمیں یہ لڑائی سمجھنے کی ضرورت ہے ،جولوگ کہتے ہیں کہ بلوچستان کے مسئلے کا حل آپریشن نہیں تو اخباری سرخی کے ساتھ مسئلے کا کوئی حل بھی بتائیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے کہاکہ پارلیمان کے فلور پر بارہا اعلان کیاہے کہ اگر کوئی کنفلیکٹ ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہوتاہے تو نہ صرف حکومت بلوچستان بلکہ ریاست بھی ڈائیلاگ کیلئے تیار ہے ،بلوچستان کی خاطر اسمبلی کے اندر یا باہر جو لوگ قدم اٹھاناچاہتاہے تو حکومت بلوچستان تیار ہیں ،اس جنگ میں 380لوگ میرے مارے گئے ،پاکستان کی خاطر تمام خون معاف کرنے کوتیار ہوں۔