اسلام آباد، 13ارچ(اے پی پی ): قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔ وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی جس میں شہریوں کی جانوں اور پاکستان کی سلامتی کے تحفظ کیلئے پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل عزم،بہادری اور قربانیوں کو سراہا گیا۔
متفقہ قرارداد میں جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے،لوگوں کی زندگیوں اور امن کو خطرے میں ڈالنے کے دہشتگردی کے تمام واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔
ایوان نے ملک بھر سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایوان نے لوگوں سے بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہونے،ا نتہا پسندی کو مسترد کرنے اور آئندہ نسلوں کیلئے امن،تحفظ اور خوشحالی یقینی بنانے پر زور دیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام بلاتفریق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہو جائیں، تمام شکلوں میں انتہا پسندی کو مسترد کیا جائے اور آنے والی نسلوں کے لیے ہماری قوم کے امن، تحفظ اور خوشحالی کو یقینی بنایا جانا چاہے۔