صدر مملکت یوسف رضا گیلانی کا آبادی میں خطرناک حد تک اضافے کے موثر انتظام کیلئے مربوط کوششوں پر زور

3

اسلام آباد،14 مارچ(اے پی پی):قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت سپریم کورٹ کے 2018 کے سوموٹو ایکشن ، مشترکہ مفادات کونسل کی سفارشات کے پس منظر میں  آبادی کے انتظام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر مملکت نے آبادی میں خطرناک حد تک اضافے کے موثر انتظام کیلئے مربوط کوششوں پر زور دیا ہے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آبادی پر قومی ایکشن پلان کا کامیابی سے نفاذ ناگزیر ہے، بڑھتی آبادی کنٹرول کرنے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی آبادی کے چیلنج کیلئے اجتماعی کوششوں بالخصوص صوبوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

صدر یوسف رضا گیلانی  نے آبادی میں اضافے کی شرح کم کرنے ، آبادی کے دیگر متعلقہ اشاریوں کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں  صدر یوسف رضا گیلانی کو آبادی کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان  پر بریفنگ بھی دی  گئی۔اجلاس میں سیکرٹری وزارت صحت ، ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ونگ  اور وزارت ِصحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔