اسلام آباد، 14مارچ(اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر ملتان صادق علی ڈوگر نے جامع مسجد سراجاں والی میں نماز جمعہ کے بعد کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر سی پی او ملتان کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینا اور عوام و پولیس کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہے، تاکہ جرائم کی روک تھام میں مدد مل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملتان پولیس کے تمام سینئر افسران مختلف مساجد میں جا کر نماز جمعہ کے بعد کھلی کچہریاں لگا رہے ہیں تاکہ عوام کے مسائل موقع پر ہی سنے اور حل کیے جا سکیں۔
سی پی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر انہیں کسی بھی جرم سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں، کیونکہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات فرائض سرانجام دے رہی ہے۔
اس موقع پر ایس پی سٹی حسن رضا کھاکھی، ڈی ایس پی دہلی گیٹ ضیاء اللہ، ایس ایچ او تھانہ دولت گیٹ محمد جہانگیر سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔