اسلام آباد، 15 مارچ ( اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بذریعہ زوم لنک سی ڈی اے کےاجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں اسلام آباد میں پانی کے موجودہ زرائع، مستقبل میں پانی کی فراہمی کے منصوبوں خصوصاً اسلام آباد کے شہریوں کو صاف شفاف اور حفظانِ صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کی بروقت فراہمی کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو صاف اور حفظان صحت کے اصولوں کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
اس سلسلے میں سی ڈی اے نے جہاں اسلام آباد واٹر ایجنسی کا قیام عمل میں لایا ہے وہاں اس کو مکمل طور پر فعال ایجنسی بنانے کے ساتھ ساتھ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔
اس کے علاوہ اسلام آباد میں سی ڈی اے کے قائم کردہ تمام ٹیوب ویلوں کی نہ صرف موثر نگرانی کی جائے گی ،بلکہ اگر کو ئی ٹیوب ویل خراب ہوگا تو اس کو بروقت فعال کرتے ہوئے پانی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے پانی کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔
سی ڈی اے نے خصوصی طور پر اسلام آباد واٹر ایجنسی بنائی ہے جسکے انتظامی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کیلئے نہ صرف اس ایجنسی کو ضروریات کے مطابق مناسب افرادی قوت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ اسلام آباد میں پانی کی ترسیل کے نیٹ ورک کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی مستقبل میں بھی وافر مقدار میں فراہمی کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔
اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے اس سلسلے میں نہ صرف فزیبلٹی رپورٹ تیار کرے گا بلکہ اس پر مکمل مشاورت اور متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد ملکی اور غیر ملکی ڈونرز اور ڈویلپمنٹ پارٹنز کو بھی اپروچ کرے گا تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی جاری رہے بلکہ فنڈز کی فراہمی کیلئے قابل عمل ڈونز اور ڈویلپمنٹ ایجنسیوں اور پارٹنرز کو قابل عمل منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے راغب کیا جائے گا تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو صاف، شفاف اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق مستقبل میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد مل سکے۔