اسلام آباد، 15 مارچ ( اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت، معیشت، ثقافت، صحت، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت پاکستان اور بنگلہ دیش کی فضائی روابط اور جہاز رانی کے شعبوں میں روابط بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلیم، صحت، زراعت اور ثقافتی تعاون بڑھانے کے امکانات موجود ہیں صدر سید یوسف رضا گیلانی نے دونوں ممالک کے مابین عوامی اور ثقافتی تبادلے بڑھانے پر زور دیا ۔ صدر مملکت نے بنگلہ دیش کو سفید چاول کی برآمد کے حوالے سے یادداشت پر دستخط پر اظہارِ اطمینان کیا ۔
انہوں نے کہ پاک-بنگلہ دیش تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافتی مماثلت پر مبنی ہیں، بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کو مائیکرو فنانس ، سماجی ترقی کے میدان میں شاندار کام کرنے پر پاکستان میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے ہیلتھ ٹورازم کے شعبے میں تعلقات بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا، ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے کہا کہ بنگلہ دیشی طلباء پاکستانی یونیورسٹیوں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں جس پر صدر مملکت نے ہائی کمشنر کو دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے اپنی حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔