بھکر، 20 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز مینجمنٹ سلمی بٹ نے بھکر کا دورہ کرنے کے دوران رمضان سہولت بازار اورنگہبان رمضان پیکج کے تحت پے آرڈرز کی تقسیم کا جائزہ لیا۔ ماڈل بازار میں قائم رمضان سہولت بازار میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کو چیک کیا۔
معاون خصوصی سلمی بٹ نے رمضان بازار میں موجود خریداروں سے اشیاء کے معیار اور قیمتوں بارے دریافت کیا۔ شہریوں نے کم قیمتوں پر اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب، ضلعی انتظامیہ کی تعریف کی۔رمضان سہولت بازار میں بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور انجمن تاجران کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے یونین کونسل گڈولہ میں وزیر اعلیٰ نگہبان رمضان پیکج کے تحت مستحقین میں پے آرڈرز تقسیم کئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان سہولت بازاروں میں ضروریات زندگی کی تمام اشیاء کی سستے داموں فروخت جاری ہے،پنجاب بھر میں رمضان سہولت بازاروں میں روزانہ لاکھوں صارفین سستی اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے وزٹ کر رہے ہیں اور کہا کہ پنجاب بھر میں گراں فروشوں کیخلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں، ماہ صیام کے بابرکت موقع پر گراں فروشی کرنیوالوں کے کاروبار کو غیر معینہ مدت کیلئے سیل کیا جا رہا ہے۔گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف پنجاب بھر کی انتظامیہ متحرک ہےاور اشیائے ضروریہ کی طلب اور رسد پر حکومت اور ضلعی انتظامیہ خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے،حکومت اور انتظامی ادارے ملکر بہتر سپلائی چین کے لیے کام کر رہے ہیں۔
سلمی بٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی عمدہ حکمت عملی کی بدولت ماہ صیام میں پہلی بار مہنگائی میں خاصی کمی دیکھنے کو ملی ہے، رمضان نگہبان پیکج کے تحت پے آرڈرز مستحقین افراد کے گھر پہنچائے جارہے ہیں۔
معاون خصوصی نے ریٹیلرز شاپ پر اپنی نگرانی میں مستحق افراد میں رقوم تقسیم کروائی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھکر میں اب تک اڑتالیس ہزار سے زائد افراد میں پے آرڈرز کی تقسیم کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے ،ضلع میں مجموعی طور پر 51439 مستحقین میں پے آرڈرز تقسیم کئے جائیں گےاور کہا کہ شہری کسی ٹیم ممبر کو پے آرڈر ترسیل کی مد میں کوئی رقم نہ دیں۔ شہری بینکوں یا دیگر برانچز سے پورے 10 ہزار وصول کریں، کٹوتی کرنیوالوں کی اطلاع ضلعی انتظامیہ کو دیں۔