اسلام آباد،20مارچ(اے پی پی): وزارت صنعت و پیداوار کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سے ازبک سفیر علیشر تکھتائے نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان صنعتی تعاون اور دوطرفہ تجارت پر گفتگو ہوئی۔
معاون خصوصی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں، صدیوں سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی فکری و ثقافتی ترقی میں معاون رہے ہیں۔ پاکستان ازبکستان کی آزادی تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔
ملاقات میں ازبکستان اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر اتفاق ہوا، دونوں ممالک دوطرفہ تجارت، رابطوں اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔
ہارون اختر نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان آٹو موبائلز، صنعت، سرجیکل، کان کنی اور عوامی سطح پر روابط میں نئے طریقوں کا جائزہ لے سکتے ہیں۔