اسلام آباد،20مارچ(اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی، ہارون اختر خان نے پاک سوزوکی کی جانب سے بائیو گیس پلانٹ کے قیام کے حوالے سے ایک بریفنگ کے دوران اس منصوبے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
بائیو گیس پلانٹ پاکستان میں مقامی کسانوں کے لیے معاشی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ بایو گیس پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک بہترین متبادل توانائی کا ذریعہ ہے، جو نہ صرف ایندھن کے بحران کا حل پیش کرے گا بلکہ کاربن کے اخراج میں کمی بھی لائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا ‘اڑان ویژن’ صاف ماحول کی اہمیت پر زور دیتا ہے، اور پاکستان نے 2030 تک 30% کاربن کمی کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ہارون اختر خان نے بتایا کہ پاکستان کی مجموعی درآمدات 54 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جن میں سے 16.91 ارب ڈالر صرف پیٹرول پر خرچ ہو رہے ہیں۔ بائیو گیس پلانٹ کا قیام تیل کی درآمدات میں کمی لائے گا اور ملک کی توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔