ملتان ۔ڈویژنل انتظامیہ کا حکومتی اقدامات کے ثمرات سے آگاہی کیلئے نسل نو کو سفیر بنانے کا فیصلہ

4

ملتان 20 مارچ(اے پی پی): ڈویژنل انتظامیہ نے حکومتی اقدامات کے ثمرات سے آگاہی کیلئے نسل نو کو سفیر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں کمشنر عامر کریم خاں نے حکومتی اصلاحات کے دیرپا فوائد کے پیش نظر نوجوان نسل سے براہِ راست مکالمہ کیا۔

انہوں نے پائلٹ ہائی سکول میں طلباء سے بات چیت کی اور کہا کہ طلباء اور سول سوسائٹی کو حکومتی اقدامات میں شامل کرکے بہتر معاشرے کی بنیاد رکھی جائے گی۔نوجوان نسل سے براہ راست مکالمے کے ذریعے مسائل کا بہتر حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی شرح آبادی کے حوالے سے پاکستان کا دنیا میں پانچواں نمبر ہے۔ نوجوان نسل کا کردار ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں نہایت اہم ہے۔شہری سہولیات، ماحولیات، ٹریفک قوانین اور صفائی کے امور میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔طلباء ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں شہریوں کو شعور دیں ،عملی طور پر حصہ لیں۔ تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں نوجوانوں کا تعاون اہم ہے، نوجوان کسی بھی معاشرے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مکالمہ کا مقصد نوجوانوں کو شہری ترقی کا فعال حصہ بنانا اور ذمہ داریوں کا احساس دلانا ہے۔ستھرا پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا انقلابی منصوبہ ہے ۔انسداد تجاوزات آپریشن کرکے بازاروں کو کشادہ کیا گیا۔ مکالماتی نشست میں طلباء نے سوالات کئے اور حکومتی اقدامات کو سراہا۔

بعدازاں کمشنر عامر کریم خاں نے داخلہ مہم کے تحت بچوں کو سکول میں داخلہ دیا۔انہوں نے سکول میں زیتون کا پودا لگا کر ملکی ترقی کیلئے دعا کی۔ واضح رہے کہ متعدد سکولوں کے طلباء نے مکالماتی سیشن میں حصہ لیا۔