لاہور، 20 مارچ (اے پی پی): صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت اجلاس میں افراد باہم معذوری کے لیے ہمت کارڈ اور خصوصی آلات کی فراہمی کے منصوبوں میں توسیع پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں بزرگوں، خواتین اور بچوں کے لیے مزید منصوبے شروع کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوام دوست ویژن کے مطابق سوشل ویلفیئر کے منصوبے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب دھی رانی پروگرام کے دوسرے فیز کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پہلے فیز کی کامیاب تکمیل پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے دیگر اقدامات اور پالیسیوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں فلاحی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقے کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی رہنمائی میں سوشل ویلفیئر کا دائرہ کار مزید وسیع کریں گے۔