مظفر آباد ، 23 مارچ (ٓے پی پی ): وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 کو پہلی مرتبہ ایک الگ اور خودمختار ریاست کی تحریک آئینی اور قانونی خدوخال میں پیش کی گئی۔
یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ قرارداد پاکستان میں ان علاقوں، صوبوں اورخطوں کی نشاندہی کی گئی جوپاکستان میں شامل کیے جانے تھے، قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان برصغیر نے مملکت خداداد پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کیا ۔
چوہدری انوار الحق نے کہا کہ پاکستان کے حصول کی جدوجہد میں لاکھوں مسلمانان برصغیر کی قربانیاں اور ہجرتیں شامل ہیں جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری تحریک آزادی درحقیقت تصور پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم اپنی بہادر افواج کی پشت پر ہیں۔دفاع پاکستان کے لیے قربانیاں پیش کرنے والے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور تکمیل پاکستان کی جدوجہد میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں قربانیاں پیش کرنے والوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔











