یوم پاکستان : آزادی کا تحفظ بہت بڑی ذمہ داری ہے، صدر  مملکت آصف علی زرداری

30

اسلام آباد، 23 مارچ (ٓے پی پی):صدر  مملکت آصف علی زرداری نے  کہا ہے  کہ آزادی بے پناہ قربانیوں کے بعد ملی  ہے اور اس آزادی کا تحفظ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے جس کے لیے پوری قوم اور مسلح افواج ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

یوم پاکستان کی پریڈ سے  خطاب کرتے ہوئے صدر  مملکت نے کہا کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط بانی  پاکستان  قائداعظم محمد علی جناح کا دیا ہوا نصب العین  ہے   جس سے ماضی میں  ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں تمام بیرونی اور اندرونی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دیا۔

صدر مملکت نے تاریخی دن پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ قوم کے لیے ایک اہم دن ہے کیونکہ آج کے دن ہم نے  قائداعظم کی قیادت میں آزادی حاصل کی اور علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ممکن ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آزادی کیلئے  لاکھوں مسلمانوں نے قربانی دی اور خواب کو حقیقت میں بدل دیا ، آج کے دن ہم اپنے  شہدا  کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 تقریب کے دوران پاک فضائیہ کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔شیردل، میراج، ایف 16، جے ایف 17 تھنڈر اور جے 10 سی کی مختلف فارمیشنز نے  شاندار رفتار کے ساتھ آسمان کو چیرتے ہوئے حیرت انگیز فضائی مظاہرے کئے۔  صدر  مملکت نے پریڈ میں حصہ لینے والے مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں کا معائنہ کیا۔انہیں صدارتی سلامی دی گئی جبکہ قومی ترانہ بھی  بجایا گیا۔صدرمملکت  روایتی صدارتی بگھی میں گھوڑوں پر سوار  اپنے محافظوں کے ساتھ   پنڈال پہنچے تھے۔اس موقع پر فوجی بینڈ نے قومی ترانوں پر مبنی موسیقی کی شاندار دھنیں بھی پیش کیں۔