اسلام آباد، 23 مارچ (اے پی پی ):یوم پاکستان تاریخ پاکستان میں امن، ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے عزم کا دن ہے، یہ دن اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ملک کو ایک حقیقی اسلامی اور فلاحی ریاست میں تبدیل کیا جائے گا۔
یہ دن 23 مارچ 1940 کو منظور ہونے والی تاریخی قرارداد لاہور کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے علیحدہ وطن کا ایجنڈا طے کیا۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس دن کی خصوصی تقریب “یوم پاکستان پریڈ” ایوان صدر میں منعقد ہوئی جو رمضان المبارک کی وجہ سے محدود پیمانے پر تھی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی بے پناہ قربانیوں کے بعد ملی ہے اور اس آزادی کا تحفظ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے جس کے لیے پوری قوم اور مسلح افواج ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی ۔
تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا جبکہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔