رمضان المبارک کا آخری عشرہ، رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا عشرہ ہے،علی اصغر عطاری

4

اسلام آباد، 25 مارچ (اے پی پی):معروف اسلامی اسکالر مفتی علی اصغر عطاری نے رمضان المبارک کے آخری عشرے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عشرہ رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا عشرہ ہے،جس میں مسلمان خصوصی عبادات اور اعتکاف کے ذریعے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں کہا ہےکہ رمضان کے آخری عشرے میں طاق راتوں کی بڑی فضیلت ہے،جن میں لیلۃ القدر بھی شامل ہے،جو ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کا فرض ہے کہ وہ اس مبارک عشرے کی رحمتوں کو سمیٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ عبادات کرے اور اللہ کی رضا حاصل کرنے کی کوشش کرے۔

مفتی علی اصغر عطاری نے مزید کہا کہ اس عشرے میں اعتکاف کی خصوصی اہمیت ہے، جس کے ذریعے بندہ خود کو دنیاوی مصروفیات سے الگ کر کے مکمل طور پر اللہ کی عبادت میں مشغول کر دیتا ہے۔ یہ عشرہ مسلمانوں کے لیے اللہ کی ایک بڑی رحمت ہے اب یہ ہمارا فرض ہے ان مبارک لمحات کی قدر کریں اور دعا،تلاوتِ قرآن، نوافل اور دیگر عبادات کے ذریعے اپنی آخرت کو سنواریں۔