برطانوی ہائی کمشنر کی وزیر صحت سے ملاقات، صحت کے شعبے میں تعاون اور ترقی پر اتفاق

5

اسلام آباد، 27 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں وزارت کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش۔

 نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کا بطور میئر کراچی کیا گیا کام ایک مثالی نمونہ ہے جسے دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی  کہ ہمیں امید ہے مصطفیٰ کمال کے وسیع تجربے اور صلاحیتوں سے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔

مصطفی کمال نے صحت کے شعبے میں برطانیہ کے تعاون سے جاری تمام منصوبوں پر پاکستانی قوم کی جانب سے برطانیہ کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

برٹش ہائی کمشنر نے کہا کہ حکومت شہباز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے بہت متحرک ہے اور ایک سال کے اندر کیے گئے اقدامات کے اثرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

وزیر صحت نے ہیلتھ کے شعبے میں مستقبل کے پلان سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی میڈیسن ہمارا خواب ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈاکٹرز اور دوا کو عوام کی دہلیز تک لایا جائے گا اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہیپاٹائیٹس سی کے خاتمے کا پروگرام پورے ملک میں شروع کیا جا رہا ہے اور گلگت بلتستان میں اس کا پائلٹ پروگرام کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہیپاٹائیٹس سی کے ایک کروڑ دس لاکھ مریض ہیں اور پورے ملک میں ٹیسٹنگ اور سکریننگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

مصطفی کمال نے مزید کہا کہ نرسنگ کے شعبے کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں نو لاکھ نرسز کی کمی ہے جبکہ دنیا بھر میں پچیس لاکھ نرسز کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نرسنگ کے شعبے کو مضبوط بنا کر پاکستان کی ڈیمانڈ کو پورا کیا جائے گا اور عالمی سطح پر نرسنگ کی ضروریات کو بھی پورا کرنے کی صلاحیت پیدا کی جائے گی، جس سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

برٹش ہائی کمشنر نے وزیر صحت کے اقدامات کی تائید کی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔