لاہور، 28 مارچ (اے پی پی): محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے زیر اہتمام ہمت کارڈ کے پہلے مرحلے کی تیسری قسط کی تقسیم کی افتتاحی تقریب ڈائریکٹوریٹ جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب میں منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جس میں ڈی جی سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب طارق قریشی، محکمہ سوشل ویلفیئر سمیت مختلف محکموں کے افسران اور افراد باہم معذوری نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ اس موقع پر ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں خصوصی افراد کی تصدیق کے عمل، امداد کی تقسیم کے عمل اور اس منصوبے کی افادیت پر روشنی ڈالی گئی۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج حکومتی وعدے کی تکمیل کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں چالیس ہزار کے قریب افراد باہم معذوری ہمت کارڈ سے مستفید ہو چکے ہیں اور دوسرے مرحلے میں بقیہ پچیس ہزار کا ہدف مکمل کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں نابینا افراد کے مسائل کے حل، افراد باہم معذوری کے لیے تین فیصد جاب کوٹہ پر عملدرآمد سمیت معاشرے کے نادار طبقے کے لیے مختلف اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے بعد دھی رانی کے دوسرے مرحلے اور افراد باہم معذوری کو معاون آلات کی فراہمی کا آغاز ہو جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب طارق قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمت کارڈ حکومت پنجاب کا ایک انقلابی منصوبہ ہے جو 10500 روپے سہ ماہی مالی معاونت کے ذریعے افراد باہم معذوری کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہا ہے۔
تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی نے مستحق افراد کو ان کی نشستوں پر جا کر ہمت کارڈ تقسیم کیے اور حکومتی عزم کا اعادہ کیا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مزید عملی اقدامات کیے جائیں گے۔