کمشنر لاہور کی کیمپ جیل آمد، قیدیوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں

2

لاہور، 2 اپریل (اے پی پی): عید کے تیسرے روز کمشنر لاہور زید بن مقصود نے کیمپ جیل کا دورہ کیا اور قیدیوں سے ملاقات بھی کی۔جیل انتظامیہ نے کمشنر لاہور کا پرتپاک استقبال کیا، کمشنر لاہور کی آمد پر پولیس دستے نے سلامی پیش کی۔

کمشنر لاہور نے جووینائل حوالات میں بچوں کے ساتھ عید منائی، جیل ہسپتال میں زیرعلاج قیدیوں کی عیادت بھی کی اور قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی۔

کمشنر لاہور نے جیل بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے، انہوں نے صفائی کے بہترین انتظامات پر جیل انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔

اس موقع پر ایک جیل قیدی نے کمشنر لاہور سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہم سے  عید کے دن ملاقات کرنے آئے ہیں۔تحائف دئیے ہیں۔مجھے بہت خوشی ہوئی ہے۔

کمشنر لاہور نے  عید پر اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے میں مصروف جیل افسران و اہلکاروں کو عید کی مبارکباد دی۔کمشنر لاہور کو جیل سپرنٹنڈنٹ  نے قیدیوں کی جیل میں تربیت و تدریس کی سہولیات پر بریفنگ دی۔