اسلام آباد، 05 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، معاشی استحکام کو پائیدار معاشی استحکام میں بدلنا ہ گا جبکہ زرمبادلہ کے ملکی ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے-ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے ثمرات کی عام آدمی تک منتقلی کو یقینی بنانا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کےلئے ادارہ جاتی نظام بنا رہےہیں۔ انہوں نے پی ڈبلیو سی کی سروے رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے ٹاپ چیف ایگزیکٹو افسران نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے امکانات میں 83 فیصد اضافہ ہوا ہے ، جب مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہوگا اور وہ سرمایہ کاری کریں گے تو پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو گا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر معیشت میں اہم کردار کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اب تمام پاکستانی تنخواہ دار شہری گھروں میں بیٹھ کر ٹیکس فائل کرسکیں گے، کسی وکیل کی ضرورت نہیں ہوگی، ٹیکسیشن کے امور آسان بنا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس سسٹم میں شفافیت لانے کے لیے انسانی مداخلت کم سے کم کرکے ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹرانسپیرنٹ سسٹم متعارف کرانا ضروری ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی مہنگائی میں کمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ای سی سی نے مہنگائی کی مانیٹرنگ کیلئے نئے اقدامات بھی کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بھی آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گیا ہے جبکہ ایف بی آر میں ڈیجیٹلائزیشن سے فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ چینی، کھاد، تمباکو میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا مکمل اطلاق کر دیا گیا ہے اور سیمنٹ سیکٹر میں اسکا اطلاق کیا جارہا ہے۔