اسلام آباد، 7 اپریل (اے پی پی ): پاکستان میں روانڈا ہائی کمیشن نے 1994 میں روانڈا میں توتسی برادری کے خلاف ہونے والی نسل کشی میں جان کی بازی ہارنے والے 10 لاکھ سے زائد افراد کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا۔”یاد رکھیں – متحد ہوں – تجدید کریں” کے تھیم کے تحت منعقدہ تقریب میں سفارت کاروں، حکومتی اہلکاروں اور مقامی روانڈا کمیونٹی نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد نہ صرف نسل کشی کے المناک سانحے کی یاد تازہ کرنا تھا بلکہ زندہ بچ جانے والوں کو خراج تحسین پیش کرنا، متاثرین کی یاد میں خاموشی اختیار کرنا اور نسل کشی کے نظریات و نفرت انگیز تقاریر کے خلاف عالمی برادری کے اجتماعی موقف کی توثیق کرنا بھی تھا۔
مقررین نے اس موقع پر عالمی سطح پر امن، برداشت، اور انسانی حقوق کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کی ضرورت پر اتفاق کیا کہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے دنیا کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔