کشمیر ہاؤس میں کانفرنس کا انعقاد، وفاقی وزیر امور کشمیر، وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر، حریت قائدین کا خطاب

2

اسلام آباد ،09 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے  کشمیر ہاؤس میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حق خودارادیت کا جذبہ مٹا نہیں سکا،جب تک ایک پاکستانی بھی زندہ ہے مسئلہ کشمیر زندہ رہے گا، وزیر اعظم  محمد شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ میں دلیری سے بات کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج بھی کشمیری بھرپور انداز سے اور پہلے سے زیادہ جدوجہد کررہے ہیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا  کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان کی عوام اور افواج کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں،ہمیں سیاسی اخلاقی حمایت مل کر کرنی ہے،تحریک آزادی کشمیر منطقی انجام کو پہنچے گی۔

  حریت رہنما غلام محمد صفی نے کہا کہ آج اس کانفرنس میں پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر پاکستان کی سفارتی پالیسی کا ایک جز ہے، کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر ہمارے پاس دلائل میں کوئی کمی نہیں ہے،ہمیں اپنا موقف مضبوط کرنے اور اس پر ڈٹے رہنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق ،وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق، سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی لطیف اکبر  ،اے پی ایچ سی کے چیئرمین غلام محمد صفی،رکن قومی اسمبلی حفیظ الدین،مشاہد حسین سید،آزاد کشمیر کے سیاسی رہنما اور اے پی ایچ سی کی قیادت بھی موجود تھی۔