پاکستان میں ہومیوپیتھی تعلیم کے معیار میں بہتری آئی، عالمی یوم ہومیوپیتھی پر ڈاکٹر ناصر احمد چوہدری کا خصوصی انٹرویو

1

اسلام آباد ، 10 اپریل (اے پی پی): عالمی یوم ہومیوپیتھی کے موقع پر سینئر ہومیوپیتھک معالج ڈاکٹر ناصر احمد چوہدری نے اے پی پی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں پاکستان میں ہومیوپیتھی کی ترقی اور اس کے بڑھتے ہوئے فوائد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہومیوپیتھی کا شعبہ بتدریج ترقی کر رہا ہے، جہاں ہومیوپیتھک ادویات کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ہومیوپیتھک تعلیم کا دائرہ بھی وسیع ہوا ہے۔

ڈاکٹر ناصر چوہدری نے بتایا کہ ہومیوپیتھک تعلیم کے نظام میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ پہلے طلبہ میٹرک کے بعد ہومیوپیتھی کی تعلیم حاصل کرتے تھے، لیکن اب ایف ایس سی پری میڈیکل کی شرط نے معیاری طلبہ کو اس شعبے کی طرف راغب کیا ہے، جس سے اس پیشے کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے ہومیوپیتھک ادویات کے مؤثر نتائج کے حوالے سے متعدد مریضوں کی کامیاب کہانیاں بھی شیئر کیں، جن سے ثابت ہوتا ہے کہ متبادل طریقہ علاج کے طور پر ہومیوپیتھی صحت کی بحالی میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔