اسلام آباد، 10 اپریل (اے پی پی): ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان کے افغانستان کے ساتھ اہم تعلقات ہیں، حال ہی میں نمائندہ خصوصی کا دورہ کابل کافی اہم رہا جس دوران متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے امریکا کی جانب سے ٹیرف معطل کرنے کی اطلاعات اور سعودی عرب کی جانب سے 14 ممالک کے لیے ویزا معطلی کی رپورٹس دیکھی ہیں، اس حوالے سے متعلقہ حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ ہم امریکا کی جانب سے تیز رفتار ٹیرف تبدیلیاں دیکھ رہے ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم نے بھی ایک اسٹیرنگ کمیٹی قائم کی ہے، چین ہمارا اتحادی دوست اور ہمسایہ ہے، ہم امریکا کی جانب عائد ٹیرف کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ملکوں پر اس کے برے اثرات مرتب ہوں گے، چاہتے ہیں کہ معاملات مذاکرات کے ذریعے سے حل ہوں۔