اسلام آباد اپریل 11(اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سلطنت عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور عمان کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم، سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان عمان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،کیونکہ پاکستان اور عمان کے درمیان برادرانہ تاریخی تعلقات مشترکہ عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تین لاکھ سے زائد پاکستانی عمان میں مقیم ہیں اور عمان کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں، کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ہنرمند افراد کو عمان بھیجا جائے ۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عمان کے برادرانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں،انہوں نے عمان کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔











