وفاقی وزیر احسن اقبال کا اسلام آباد میں گوجرانوالہ ایکسپو 2025 کے دوران تاجر برادری سے خطاب، گوجرانوالہ کو ایکسپورٹ کلسٹر بنانے کے عزم کا اظہار

2

اسلام آباد،11 اپریل(اے پی پی ):  وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اسلام آباد میں گوجرانوالہ ایکسپو 2025 کے دوران تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کو ایک تاریخی اور کامیاب ایکسپو کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کو پاکستان کا بہترین ایکسپورٹ کلسٹر بنایا جائے گا تاکہ “میڈ ان پاکستان” برانڈ کو دنیا بھر میں فروغ دیا جا سکے۔

احسن اقبال نے گوجرانوالہ کے تاجروں کی ہنرمندی اور مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات بین الاقوامی مارکیٹس میں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر کاروباری طبقہ متحد ہو کر کام کرے تو آئندہ آٹھ سالوں میں پاکستان کی برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک پہنچایا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان ایکسپورٹرز کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنی تیزی سے برآمدات میں اضافہ ہوگا، اتنی ہی تیزی سے ملک کو درپیش معاشی مسائل کم ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو ایکسپورٹر ملک کے لیے سب سے زیادہ زرمبادلہ کمائے گا، وہ ہمارا قومی ہیرو ہوگا۔ احسن اقبال نے ای کامرس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا تاکہ ہر کاروبار کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔

آخر میں انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد گوجرانوالہ چیمبر کا دورہ کریں گے تاکہ تاجر برادری کے مسائل کو براہ راست سنا جا سکے، کیونکہ ان کے حل کو حکومت اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔