لاہور،11 اپریل (اے پی پی): فیسز پاکستان کے زیرِاہتمام انٹرفیتھ ہم آہنگی کے تحت عید ملن، بیساکھی، ہولی اور نوروز کی مشترکہ خوشیوں کو منانے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علاقائی رقص کے ذریعے پاکستان کے روشن مستقبل کی جھلک دکھائی گئی۔ تقریب میں مسلم، سکھ، ہندو، مسیحی اور بہائی کمیونٹی کے نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سابق صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین اور چیئرمین کل مسالک بورڈ عاصم مخدوم اور مختلف مکاتب فکر کی متعدد اہم شخصیات نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ یوتھ کونسل فار پیس اینڈ انٹرفیتھ ہارمنی کے نوجوانوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف مذہبی اور ثقافتی برادریوں نے مل کر عید ملن پارٹی، بیساکھی، ہولی اور نوروز کی مشترکہ خوشیوں میں بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں خوبصورت خاکے، رقص اور ثقافتی مظاہروں کے ذریعے امن و محبت کا پیغام دیا گیا۔ تقریب کی صدارت فیسز پاکستان کے صدر جاوید ولیم نے کی۔ جاوید ولیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہوہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کو امن، محبت اور بھائی چارے کا گہوارہ بنایا جائے۔ 2018 میں انٹرفیتھ پالیسی کی بنیاد رکھنے کے بعد فیسز پاکستان نے اس مشن کو زبردست طریقے سے آگے بڑھایا ہے۔
سابق صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی خوبصورت تقریب اسی تسلسل کی خوبصورت کڑی ہے۔ چیئر مین کل مسالک بورڈ مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ عملی طور پر یہ دکھا دیا کہ انسانیت، محبت اور رواداری ہی ہمارے درمیان اصل رشتہ ہیں۔ بہائی کمیونٹی سے نعمان خان نے نوروز کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ ہندو کمیونٹی کے کھیت کمار اور امر ناتھ رندھاوا نے ہولی کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ تقریب کے میزبان ہر بھجن سنگھ نے بیساکھی کی خوشیوں کو بھنگڑے کے ذریعے دو آتشہ کر دیا۔ پروفیسر کلیان سنگھ کلیان ، مفتی عاشق حسین اور پروفیسر ڈاکٹر مسعود مجاہد نے بھی مختصر خطاب کیا ۔
مقررین نےجاوید ولیم کی انٹرفیتھ کے فروغ میں کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسطرح کی تقریبات کا تسلسل جاری رہےگا۔ ایسی تقریبات پاکستان کو ایک پُرامن اور متحد ملک بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ تقریب میں ایک خصوصی ڈرامائی خاکہ بھی پیش کیا گیا۔ اس تقریب کے ذریعے”آٹھ رنگ – ایک مٹی” کے عنوان سے انٹرفیتھ ہم آہنگی کا دلنشین پیغام دیا گیا۔ حاضرین نے نوجوانوں کی اس کاوش کو خوب سراہا۔ تقریب کے اختتام پر تمام تہواروں کی مناسبت سے حاضرین میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔