لاہور12اپریل( اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ایرانی کونسل جنرل لاہور کا دورہ کیا اور ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں مکئی، گوشت، گندم اور دیگر زرعی اجناس کی پاکستان سے ایران برآمد پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ایران اور پاکستان دونوں برادر اسلامی ممالک ہیں۔ پاکستانی بارڈر پر بنے سلاٹر ہاؤسز سے پاکستان ایران کو گوشت ترسیل کرے گا جس سے پاکستان معیشت مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے کامیاب وزارت خارجہ کے دورں کا ثمر اب ملنا شروع ہوگیا ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی بالخصوص چیمبرز کی کانفرنسز ہونی چاہئے تاکہ تجارتی مواقعے کھلیں۔گورنر سردار سلیم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے دروازے کھل گئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ گوشت کی پیدوار بڑھانے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے تاکہ جانور پالنے والوں کو بھی منافع بخش فائدہ پہنچے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار اور پرامن ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
ایران قونصل جنرل نے کہا کہ ایران پاکستان سے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے ایران میں پاکستان سے گوشت کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے ایران فائدہ اٹھا سکتا ہے۔