ملتان،12 اپریل (اے پی پی):محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند روز میں ہیٹ ویوکی وارننگ جاری،ضلعی انتظامیہ ملتان نے شہریوں کے ہیٹ ویو سے تحفظ کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا،ضلع کے مختلف مرکزی پوائنٹس پر ہیٹ ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری کی ہدایت پرا سسٹنٹ کمشنر صدر زاہد اقبال نے ہفتہ کے روز یہاں ہیٹ ویو کیمپ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر نے شہریوں میں ٹھنڈے پانی کی بوتلیں اور ٹوپیاں تقسیم کیں اور انہیں گرمی سے بچنے کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ڈپٹی کمشنر ملتان نے کہا ہے کہ تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ہیٹ سٹروک ایمرجنسی رومز بھی قائم کردئیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ ضلع کے مختلف مرکزی پوائنٹس پر ہیٹ ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں،ریسکیو سنٹرز اور مساجد کو بھی بطور کولنگ پوائنٹس استعمال کیاجائے گا،ہیٹ ویو کے دوران شہریوں میں ٹھنڈے پانی کی بوتلیں اور ٹوپیاں بھی تقسیم کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے ضلعی محکموں کو سڑکوں پر چھڑکاؤ کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے،شہریوں کیلئے کسی بھی ہیٹ سٹروک ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو کی ہیلپ لائن 1122 مکمل فعال ہے،شہریوں کو ہیٹ ویو سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔