لاہور،13اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردارمحمد یوسف نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی فضا کو بر قرار رکھنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کی روک تھام کیلئے اقدامات جاری ہیں، ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا ، فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، مذہب کی آڑ میں انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ وہ انسانی جذبہ سے سرشار ہوکر اقلیتوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں،ہمیں اپنے عقیدے کے مطابق محبت و بھائی چارہ سے زندگی بسر کرناہوگی، وزارت مذہبی امور ایسا لائحہ عمل طے کرے گی جس سے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔ سردارمحمد یوسف نے کہا کہ حکومت کوشش کرے گی کہ کہیں بھی منافرت یا تعصب نہ ہو، غیر مسلموں کے قانون کے مطابق ان کو حقوق و مراعات ملنی چاہیئں۔ وفا قی وزیر نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کیلئے سپہ سالار جاں فشانی سے اپنا کردار ادا کررہے ہیں، سازش کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ، ریاست دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلم تہوار سرکاری طورپر منائے جاتے ہیں، گزشتہ ماہ تمام مذہبی تہوار وساکھی،ہولی ، نوروز اور عید بھی ایک ہی ماہ میں اکٹھے منا ئے گئے۔
وفا قی وزیر نے کہا کہ حکومت فرقہ واریت کی روک تھام کیلئے بھر پور کوشش کررہی ہے تاکہ ملک میں امن واما ن کی صورتحال کو بہتر بنا یا جا سکے، مذہب کی آڑ میں انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی، جو بھی گروہ مذہبی فسادات کرنے کی کوشش کرے گا تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔وفا قی وزیر نے کہا کہ کے پی اور بلوچستان میں دہشت گردی کو ختم کر نے کے لیے حکومت اور پاک افواج ایک پیج پر ہیں، ہر اس سازش کو نا کام بنایا جا ئے گا جس سے صوبے میں امن و امان کی فضا خراب ہو نے کا خدشہ ہو،پاکستان مضبوط ومستحکم ہوگا توعوام خوشحال ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی طا قتیں اسرائیلی ظلم و جبر سے غزہ کی ماؤں، بہنوں اور بچوں پر بمباری پر مذمت تو کرتی ہیں لیکن بدقسمتی سے فلسطین غزہ اور کشمیر میں امن قائم نہ کر سکیں،غزہ میں امن معاہدہ کے باوجود بمباری ہورہی ہے جو انسانیت کیلئے شرم کی بات ہے ،غزہ اور کشمیر سمیت ہر جگہ پر جہاں ظلم و ستم ہو رہا ہووہاں امن قائم کرنا سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت کیسو مل کھیئل داس کوہستا نی،صوبا ئی وزیر برا ئے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ،رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین سید عبد الخبیر آزاد،علامہ محمد طاہر محمود اشرفی،علامہ زبیر احمد ظہیر، مذہبی سکا لر علامہ حسین احمد اکبر،علامہ ناصر محمود مدنی، پنڈت بھگت لال ،ڈاکٹرفادر جیمز چنن سمیت علماء و مشائخ کی کثیر تعداد مو جود تھی۔