اسلام آباد، 14 اپریل (اے پی پی):معروف اوورسیز پاکستانی رہنما اور آلڈر مین مشتاق لاشاری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں بلکہ وہ دنیا بھر میں کلیدی عہدوں پر فائز ہو کر پاکستان کی نمائندگی بھی کر رہے ہیں۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کثیر زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں، اور اب انہیں ملکی پالیسی سازی میں بھی اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اوورسیز کنونشن کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے اوورسیز پاکستانیوں کی آواز بلند ہوئی ہے۔
مشتاق لاشاری نے کہا کہ پاکستان ہمارے دلوں میں بستا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے تمام ادارے آئین کے مطابق کام کریں تاکہ ملک میں انصاف، استحکام اور ترقی کی راہ ہموار ہو۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ماضی میں ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ان کی سرمایہ کاری صنعتوں کی طرف راغب کی جائے، تاکہ روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہو۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال کرے اور عدالتی نظام میں اصلاحات لائے تاکہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں محفوظ اور پُراعتماد طریقے سے سرمایہ کاری کر سکیں۔