اسلام آباد، 14 اپریل (اے پی پی):امریکہ میں مقیم مالیاتی ماہر عارف ظفر منصوری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کا پہلا سالانہ کنونشن وقت کی اہم ضرورت تھا، جس نے حکومت اور بیرون ملک پاکستانیوں کے درمیان ایک مشترکہ وژن کو فروغ دیا ہے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پیش کیا گیا 14 نکاتی منصوبہ نہایت اعلیٰ سطح کا اور قابلِ تحسین ہے، جو مستقبل میں اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانی نہ صرف محب وطن ہیں بلکہ پاکستان کی خوشحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کو تیار رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کنونشن نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو اجاگر کیا ہے اور ان کی آواز کو اہمیت دی گئی ہے۔
عارف منصوری نے زور دیا کہ اوورسیز پاکستانی معیشت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں اپنی مہارت اور وسائل کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔