وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

3

اسلام آباد : 15 اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔

اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو صارفین تک منتقل کرنے کی بجائے اس رقم کو بلوچستان کی سب اہم شاہراہ N- 25 (چمن -کوئٹہ-قلاتـ -خضدار- کراچی شاہراہ) کو دو رویہ کرنے میں استعمال کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔

 وزیراعظم نے ہدایت کی کہ  قومی شاہراہ کی بحالی موٹر وے کے معیار پر کی جائے۔ مزید برآں اسی بچت سے کچھی کینال کا فیز 2 بھی مکمل کرنے میں استعمال ہوگا جس سے صوبہ بلوچستان کی سینکڑوں ایکڑ زمین سیراب ہو گی اور صوبے سمیت پاکستان بھر میں خوشحالی آئے گی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی جو کہ خصوصی طور پر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک تھے نے بلوچستان کے عوام کے لئے این 25 کی بحالی کے منصوبے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر پیٹرولیم پراڈکٹس (پیٹرولیم لیوی) آرڈینینس 1961 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ اس ترمیم میں قومی محصولات میں اضافہ ہو گا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر حکومت کی ڈومیسٹک سکیورٹیز جاری کرنے کے حوالے سے سسٹین ایبل انوسٹمینٹ سکوک  فریم ورک (Sustainable Investment Sukuk Framework) کی منظوری دے دی ۔ یہ فریم ورک مقامی طور پر پائیدار سرمایہ کاری کے لئے  سکوک جاری کرنے کے حوالے مددگار ثابت ہو گا جس کے تحت پائیدار ماحولیات اور قابل تجدید توانائی  کے حوالے سے منصوبوں کی فنڈنگ کی جا سکے گی۔  یہ فریم ورک  پائیدار ترقیاتی اہداف  ، نیشنلی ڈٹرمنڈ کانٹری بیوشنز (Nationally determined contributions) 2021 اور قومی ایڈیپٹیشن پلان 2023 کی تکمیل میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے بل کو پارلیمینٹ بھیجنے کی منظوری دے دی ۔