اسلام آباد،16اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت خلیجی ریاستوں کے ساتھ انسداد منشیات کے ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔
پاک-خلیج انسداد منشیات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا کہ انسداد منشیات کیلئے ہم انٹیلی جنس شیئرنگ، مشترکہ تربیت، حقیقی وقت میں رابطہ، اور فرانزک و تکنیکی اشتراک جیسے میدانوں میں اشتراک کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کی حمایت اور شراکت داری ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ کانفرنس اینٹی نارکوٹکس فورس کی میزبانی میں منشیات سے پاک دنیا کے مشترکہ وژن کے تحت منعقد ہو رہی ہے۔ میرے لیے یہ اعزاز اور فخر ہے کہ میں آپ کو اس اہم کانفرنس میں خوش آمدیدکہہ رہا ہوں۔ آج ہم صرف اپنی ریاستوں کے نمائندے نہیں بلکہ عالمی محاذ پر صفِ اول کے سپاہی بن کرمنشیات کے خلاف یہاں اکٹھے ہیں،ہم تعاون کو مزید مستحکم، انٹیلی جنس کا تبادلہ اور مؤثر حکمت عملی وضع کریں تاکہ منشیات کی اسمگلنگ اور اس کے استعمال کو روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کے وفود کی یہاں موجودگی ہمارے مشترکہ عزم کی مظہر ہے، ہم مل کر اس لعنت کے خلاف مؤثر اقدامات اُٹھا سکتے ہیں،یقیناً ہم اپنی نوجوان نسل اور معاشروں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنائیں گے۔
سیکرٹری داخلہ، خلیجی ممالک کے وفود، ڈی جی اے این ایف سمیت متعلقہ اداروں کے حکام نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔