لاہور، 16اپریل(اے پی پی): وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں میں پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی شرکت۔
سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے استعمال شدہ بلا سود قرض رقم کی ادائیگی کی آخری تاریخ15 مئی مقرر کی گئی ہے ۔ کسان کارڈ کے تحت گزشتہ قرض کی بروقت واپسی کی صورت میں کاشتکاروں کو 5ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔
سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کسان کارڈ کے دوسرے فیز کا آغاز 15مئی سے ہو گا۔ کسان کارڈ کے تحت30 فیصد نقد کیش کی سہولت ہوگی۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت اب تک9250 ٹریکٹرز ڈلیور ہو چکے ہیں اور ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور سرگودھا میں ماڈل ایگری مالز کے80 فیصد تعمیراتی کام کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا صوبہ پنجاب میں 8 لاکھ ایکڑ سے زائدرقبہ پر اگیتی کپاس کی کاشت مکمل ہو چکی ہے۔ وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اگیتی کاشت کیلئے خصوصی مراعاتی پیکج بھی دیا ہے۔