لاہور، 17اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں چوتھے ہیلتھ، انجینئرنگ اینڈ منرلز شو 2025کا افتتاح کیا۔ٹریڈنگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے زیر اہتمام یہ نمائش 3دن تک جاری رہے گی۔ نمائش میں 180مقامی اور 160 غیر ملکی کمپنیوں کے مندوبین شریک ہوئے۔صوبائی وزیر نے نمائش میں لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اور یہاں رکھی مصنوعات کا بھی مشاہدہ کیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے، بلوچستان میں اربوں ڈالر کے کاپر کے ذخائر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زنک کے ذخائر موجود ہیں جو الیکٹرک وہیکلز میں استعمال ہوتا ہے، معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کے بعد ایکسپورٹ کر کے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ زمین میں چھپے خزانوں کو بروئے کار لاکر قومی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سالٹ رینج میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنا رہے ہیں اور قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 130ایکڑ رقبے پر فارما سیوٹیکل ویلی بنائی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔ یہاں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت موجود ہے۔
انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹس لگانے کیلئے لیز پر بھی زمین دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ نمائش کا انعقاد ٹی ڈیپ کی اچھی کاوش ہے۔ ایسی نمائشیں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنتی ہیں۔
سیکرٹری ٹی ڈیپ شہریار تاج،سی ای او فیض احمد چدھڑ ،ڈی جی رافعہ سید،صدر ایوان صنعت و تجارت ابو ذر شاد اور دیگر اس موقع پر موجود تھے ۔