اسلام آباد، 18 اپریل )اے پی پی ):وزارتِ صنعت و پیداوار پاکستان نے الیکٹرک دو اور تین پہیہ گاڑیوں
(e-2/3Ws) کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے ساتھ اہم شراکت داری کا معاہدہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں الیکٹرک موبیلٹی کو فروغ دینا اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو زیادہ پائیدار بنانا ہے۔
اس مشاورتی منصوبے کے تحت IFC تکنیکی معاونت فراہم کرے گا اور وزارت کے ساتھ مل کر پالیسی، ضوابط اور معیارات کے حوالے سے اصلاحات میں مدد دے گا، تاکہ ایک سرمایہ کار دوست ماحول تشکیل دیا جا سکے۔ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (EDB)، نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (NEECA) اور پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) جیسے ادارے بھی اس عمل کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے وزارتِ صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان نے کہا کہ”سازگار پالیسی اور ریگولیٹری فریم ورک مقامی مینوفیکچرنگ اور الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ جب تک ہم اس فریم ورک کو بہتر نہیں بناتے، قومی اہداف کا حصول ممکن نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ e-2/3Ws اور الیکٹرک بسیں اہم ترجیحات میں شامل ہیں، اور مقامی پرزہ جات کی تیاری، سستی مالیاتی سہولیات اور پالیسی وضاحت اس منصوبے کی کلیدی حکمت عملیاں ہوں گی۔
وزارت کے سیکریٹری سیف انجم نے زور دیا کہ پاکستان میں 2.3 کروڑ سے زائد دو اور تین پہیہ گاڑیاں ہیں، اور ان کی بجلی پر منتقلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا:
“ہمیں ایسی ٹرانسپورٹ پالیسی کی ضرورت ہے جو فوسل فیول پر انحصار کم کرے اور ماحولیاتی بہتری کا ذریعہ بنے۔”
IFC کے کنٹری مینیجر برائے پاکستان و افغانستان، ذیشان شیخ نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، اور یہ شراکت داری اس تعداد میں اضافے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ
یہ منصوبہ پاکستان کے پائیدار ترقیاتی اہداف اور عالمی بینک گروپ کے 10 سالہ شراکت فریم ورک کے مطابق ہے۔
یہ منصوبہ IFC اور عالمی بینک کی مشترکہ e-mobility پہل کاری کا حصہ ہے، اور نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی 2019 کے نفاذ میں مدد دے گا۔ 2030 تک 30 فیصد گاڑیاں بجلی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر ہے، جس کے لیے یہ شراکت داری کلیدی کردار ادا کرے گی۔ منصوبہ CIFPAK فسیلٹی کے تحت مالی اعانت سے چلایا جائے گا، جو IFC اور برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کا مشترکہ ماحولیاتی مالیاتی پروگرام ہے۔