لاہور۔18 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اچانک گورنمنٹ لیڈی ایچیسن ہسپتال کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کویقینی بنانے کیلئے آؤٹ سورسڈ عملہ پوراکرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے آؤٹ سورسڈعملہ کو تنخواہ کی مکمل رقم کی ادائیگی نہ ہونے پرسخت برہمی کا اظہار کیا اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا ریکارڈ اپ ڈیٹ نہ کرنے پر اکاؤنٹنٹ کو کارکردگی بہتربنانے کی ہدایت کی۔
خواجہ سلمان رفیق نے مختلف وارڈزکا دورہ کرکے مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارے فیڈبیک لیا۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے مسلسل دورے کرکے حالات کاجائزہ لے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے وژن کے مطابق مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکرنا چاہتے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ HODsکو اپنے ڈیپارٹمنٹس میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات بلا تعطل جاری ہیں۔ ایم ایس حضرات مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکریں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ہسپتالو ں میں کیومینجمنٹ سسٹم کو مکمل فعال کیاجارہاہے۔خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی وارڈ اوراوپی ڈی میں ادویات ودیگر سروسز بارے آناؤنسمنٹس کرنے کی ہدایت بھی کی۔