لاہور،19اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار ہے ،جدید ٹیکنالوجی سے معاشی بہتری اور روز گار کے زیادہ مواقع حاصل ہو سکتے ہیں ،دوست ممالک کو کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سر مایہ کاری کے مواقع فراہم کر رہے ہیں ، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، پاکستان ترقی و خوشحالی کی را ہ پر گامزن ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روزیہاں ایکسپو سنٹر میں ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،حکومت اندرونی و بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے ،ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت(آئی اے) کے میدان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ،جدید ٹیکنالوجی سے معیشت میں بہتری اور روز گار کے زیادہ مواقع حاصل ہو سکتے ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری بالخصوص معدنیات کے شعبے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے لئے تمام مذکورہ ممالک کو دعوت دیتے ہیں،کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا بہترین موقع ہے ۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دن رات محنت اور مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے ، ، کان کنی اور دیگر معدنیات میں پاکستان مالا مال ہے ،ہمیں جدت ، تحقیق اور ترقی کی طرف جانا ہے اور عصر حاضر کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کر کے پاکستان ان شعبوں میں اپنے مطلوبہ معاشی اہداف با آ سانی حا صل کر سکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے، پالیسی ریٹ ساڑھے 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آگیا ہے، سٹاک مارکیٹ روزانہ کی بنیاد پر کامیابی کی بلندیوں کو چھو رہی ہے ،حکومت نے حال ہی میں بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے جس کا مقصد ہر صنعت کی پیداواری لاگت اور بنیادی اشیا ء ضرور یہ کی قیمتوں میں کمی لانا ہے اور نوجوانوں کے لئے روز گار کے مواقع پیدا کرنا ہے ۔
نمائش میں کئی ملکوں کے ساتھ سمجھوتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے ۔