صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے کینیڈا کے ایکٹنگ ہائی کمشنر ڈینیل آرسینلٹ کی ملاقات

2

لاہور،19اپریل (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے کینیڈا کے ایکٹنگ ہائی کمشنر ڈینیل آرسینلٹ نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارت بڑھانے کے امور پر بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے کینیڈا کے ایکٹنگ ہائی کمشنر کو آگاہ کیا ۔

 صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین  نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارت بڑھانے کا بہترین وقت ہے، کینیڈا کے سرمایہ کار پنجاب کے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ مختلف شعبوں میں جوائنٹ وینچر کرسکتے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز ،انفارمیشن ٹیکنالوجی،ٹیکسٹائل ،زراعت، مائننگ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس پنجاب کے ترجیحی سیکٹر ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بنایا جارہا ہے۔ گارمنٹ سٹی میں حکومت صنعتی یونٹس لگانے کے لئے عمارات بناکر رینٹ پر دے گی ۔ انہوں  نے کہا کہ کینیڈا میں ماہ جولائی میں بزنس کانفرنس منعقد ہوگی جس میں پنجاب سے بزنس کمیونٹی کاوفد بزنس کانفرنس میں شرکت کرے گا اور میں اپنے کینیڈا دورہ کے دوران بزنس کمیونٹی سے ملوں گا۔

 ایکٹنگ ہائی کمشنر کینیڈا نے کہا کہ کینیڈا اور پاکستان کے مابین باہمی تجارت بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے ،کینیڈا اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے مابین روابط بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کینیڈا پنجاب حکومت کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لئے تیار ہے۔