سید یوسف رضا گیلانی سے روانڈا کے وزیر خارجہ اولیور جین پیٹرک کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

1

اسلام آباد۔21اپریل  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے روانڈا کے وزیر خارجہ اولیور جین پیٹرک  نے  پیر کو یہاں ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین سینیٹ نےملاقات میں  کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وقت کے ساتھ ہمارے تعلقات فروغ پا رہے ہیں ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان نے مشرقی افریقی کمیونٹی  کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری پر ایک مفاہمتی یادداشت کا مسودہ شیئر کیا ہے اور اس سلسلے میں روانڈا کی حمایت نہایت اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نادرا نے نائیجیریا، سوڈان، کینیا اور صومالیہ میں شناختی دستاویزات کی ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کامیابی سے مکمل کئے ہیں اور پاکستان روانڈا کو بھی ایسی سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 2021 میں کیگالی میں پاکستانی ریزیڈنٹ مشن کے قیام اور 2024 میں اسلام آباد میں روانڈا کے ہائی کمیشن کے افتتاح نے دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے، جنوری 2025 میں کیگالی میں دوطرفہ سیاسی مشاورت  کے پہلے دور کا انعقاد اور اکتوبر 2023 میں روانڈا کے سینیٹ کے صدر کی قیادت میں پارلیمانی وفد کا دورہ پاکستان اہم سنگ میل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک بین الاقوامی و علاقائی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں ۔ روانڈا کی سینیٹ کی جانب سے پاکستان-روانڈا دوستی گروپ کا قیام قابل تحسین قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوری 2023 میں دفاعی تعاون پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کے بعد 2024 میں روانڈا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف اور فروری 2025 میں ایئر چیف نے پاکستان کا دورہ کیا۔ دونوں مسلح افواج کے درمیان سٹاف مذاکرات کا پہلا دور بھی جنوری 2025 میں ہوا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان، روانڈا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اس وقت روانڈا کی چائے کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے اور اب کافی، ایووکاڈو، دالوں اور پھلیوں کی درآمد کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین چاول، ٹیکسٹائل، سرجیکل آلات، دواسازی کی  مصنوعات اور فٹ بال تیار کرتا ہے اور یہ تمام اشیاءروانڈا کی منڈیوں میں اپنی جگہ بنا سکتی ہیں، فٹ بال چونکہ روانڈا کا مقبول ترین کھیل ہے، اس لئے پاکستان کے تیار کردہ عالمی معیار کے فٹ بال کی درآمد پر بھی غور کیا جا سکتا ہے،تجارت کے ساتھ ساتھ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بھی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔  انہوں نے  ایس آئی ایف سی  کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے معاونت کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ روانڈا کے سفارتکار اسلام آباد کی فارن سروس اکیڈمی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں اور اب تک 11 سفارتکار اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں۔ روانڈا کے دو امیدوار اس وقت پاکستان ریلوے اکیڈمی، والٹن لاہور میں پاکستان ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت ٹریننگ میں مصروف ہیں، روانڈا کو بینکاری اور ڈاک کے شعبے میں بھی تربیتی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔

چیئرمین سینٹ نے روانڈا کی سینیٹ میں اپنے ہم منصب کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ،انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے تحت عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے، وفود کے تبادلوں میں تیزی دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ثابت ہو گی، پاکستان کی سینیٹ میں فرینڈ شپ گروپ قائم کر دیا گیا ہے۔

روانڈا کے وزیر خارجہ نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہمارے لئے باعثِ فخر ہیں اور ہم دوطرفہ تعاون کو مختلف شعبوں میں مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی مہمان نوازی اور باہمی مفادات کے فروغ کے لئے سنجیدہ کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ روانڈا مستقبل میں پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطحی روابط اور پارلیمانی تبادلوں کو مزید فروغ دے گا۔

فاروق/حبیب شاہ